تازہ ترین  

علم عروض....سبق نمبر 2
    |     7 months ago     |    شاعری
معزز احباب.....
آ ج کے سبق کا عنوان ہے : تلفُّظ

تلفظ ----اگر عروض شاعری سیکھنے کے لئے ایک منتر کا درجہ رکھتا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں یہ علم ہونا چاہئے کہ لفظ کتنے حروف اور کتنی حرکات ( حرکات سے مراد زبر ، زیر اور پیش ہے ) پر مشتمل ہے ۔اردو میں کوئی لفظ بھی سات حروف سے زیادہ نہیں ہے ۔یعنی آپ لفظِ (کل) کومختصر ترین اور لفظ ِ (استغفار) کو اردو کا طویل ترین لفظ فرض کر سکتے ہیں۔

اگر کوئی لفظ دو یا دو سے زیادہ حروف پر مشتمل ہو تو اس کی مختلف شکلیں ہوتی ہیں۔مثلاً :

2 حرفی لفظ
دل-----اس کا تلفظ ہے--- دال کے نیچے زیر ۔لام پر جزم

3 حرفی لفظ
مثل-----اس کا تلفظ ہے--- میم کے نیچے زیر،ث پر جزم اور لام پر جزم
مسل -----اس کا تلفظ ہے--- میم پر زبر،سین پر زبر،لام پر جزم
زبر -----اس کا تلفظ ہے--- زے پر زبر،بے پر زبر ،رے پر جزم

4 حرفی لفظ
مبدّل -----اس کا تلفظ ہے--- میم پر پیش ،بے پر زبر،دال پر تشدید،لام پر جزم

5 حرفی لفظ
تبدیل -----اس کا تلفظ ہے--- ت پر زبر،ب پر جزم ،دال کے نیچے زیر،یے اور لام پر جزم

6 حرفی لفظ
بہترین -----اس کا تلفظ ہے--- بے پر زبر،ہ پرجزم،ت پر زبر،ر ے کے نیچے زیر،ن پر جزم

7 حرفی لفظ
استقبال -----اس کا تلفظ ہے--- الف کے نیچے زیر،ت پر زبر،ق پرجزم،ب پر زبر،الف اور لام پر جزم


یاد رکھئے --------اردو میں کوئی لفظ بھی ساکن حرف سے شروع نہیں ہوتا۔


الفاظ کی یہ صورتیں آپ اچھی طرح سمجھ لیں ۔کیونکہ ان ہی کی تقسیم سے ہمیں آگے چل کر عروض کا کھیل کھیلنا ہے ۔کھیل اس لئے کہ ہمیں ایک ایسے حسابی طریق سے واسطہ پڑے گا ۔جس کی بنیاد حروف کے اُس کھیل پر ہے۔ جو لفط بناتی ہیں ۔


لیکن یہاں ایک اور بات بہت اہم ہے کہ ہمارا شاعری میں دو طرح کے الفاظ سے واسطہ پڑتا ہے

مکتوبی اور ملفوظی

ان دونوں کی وضاحت یہ ہے کہ :
مکتوبی : اس سے مراد وہ لفظ جو لکھا ہوا ہو
اور
ملفوظی :اس سے مراد لفظ کی وہ حالت جو پڑھنے میں آئے

ان کی مثالیں یوں سمجھ لیں کہ کئی مرتبہ ہم "خوشبو" جو پنج حرفی لفظ ہے یعنی خ ، و ، ش،ب،و---اسے خُشبو کے وزن پر چہار حرفی پڑھتے ہیں. یعنی خُ، ش ،ب،و -------تو وزن میں بھی وہ چہار حرفی ہی شمار ہو گا ۔کیسے؟۔یہ بتانے کا یہاں موقع نہیں ۔


اس وقت صرف یہ یاد رکھیں کہ ہماری شاعری میں لکھے ہوئے لفظ سے زیادہ بولے گئے لفظ کی اہمیت ہے۔

آج کے لیے اتنا ہی کافی ہے

--------

سبق کے حوالے سے چند سوالات :
سوال : 1---- 2 حرفی الفاظ کی دس مثالیں دیں
سوال : 2---- 3 حرفی الفاظ کی دس مثالیں دیں
سوال : 3---- 4 حرفی الفاظ کی دس مثالیں دیں
سوال : 4----5حرفی الفاظ کی دس مثالیں دیں
سوال : 5----6 حرفی الفاظ کی دس مثالیں دیں
سوال : 6----7 حرفی الفاظ کی دس مثالیں دیں
سوال : 7----کیا اردو میں کوئی لفظ ساکن سے شروع ہوتا ہے؟
سوال : 8---- مکتوبی اور ملفوظی کی تعریف کریں اور پانچ مثالیں بھی دیں
سوال : 9---- اردو شاعری عروضی اعتبار سے لکھے ہوئے لفظ کی زیادہ اہمیت ہے یا بولے گئے لفظ کی؟

--------

والسلام : غلام مصطفیٰ دائمؔ اعوان





Comments


There is no Comments to display at the moment.



فیس بک پیج


مقبول ترین

اسلامی و سبق آموز


نیوز چینلز
قومی اخبارات
اردو ویب سائٹیں

     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ آپکی بات محفوظ ہیں۔
Copyright © 2018 apkibat. All Rights Reserved