تازہ ترین  

" 15 پُراسرار کہانیاں" اور" فلکؔ زاہد"
    |     5 months ago     |    گوشہ ادب
علم اورادب میں نام بنانے کے لئے عمریں بیت جاتی ہیں۔بہت کم لوگ ایسے ہیں جومختصروقت میں علم اور ادب کے میدان میں اچھا نام بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ انہیں میں سے ایک نام "فلکؔ زاہد"کا بھی ہے جس نے مختصر وقت میں اور بہت ہی چھوٹی عمر میں اپنی کتاب " 15 پُراسرار کہانیاں" کے ذریعے ادب کی دنیا میں اچھانام بنا لیا ہے۔فلکؔ نے کم وقت میں اپنی پائیدار تحریروں کی بدولت اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ثابت کردیا ہے کہ ہمارے ملک میں کسی طرح کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔
چند ماہ پہلے فیس بُک پر رائٹرز کے ایک پیج پر فلک ؔ زاہدکے نام سے واقفیت ہوئی۔سوچ یہ تھی کہ فلک ؔ ایک بہت بڑی رائٹر ہے۔ اسکے کچھ دنوں بعد فلک ؔ کی کتاب کی ایک پوسٹ نظروں سے گزری جس کا کور پیج بہت عجیب لگا۔ دل نے چاہا کہ اس کتاب کو خریدا جائے۔ اسی پوسٹ پر ایڈریس سینڈ کرکے کتاب کا انتظار کرنے لگا۔ ایک صبح اچانک فلک ؔ کی کتاب " 15 پُراسرار کہانیاں" بذریعہ ڈاک "الاسد پبلی کیشنز" کی طرف سے موصول ہوئی۔ خوشی خوشی لفافہ کھولا اور کتاب کا سرسری جائزہ لیا۔کتاب کا خوبصورت اور مضبوط کور اور اچھے پیپر پر پرنٹ کی ہوئی خوبصورت کمپوزنگ والی کتاب دیکھ کر ویسے ہی دل خوشی سے باغ باغ ہوگیا۔مگر یہاں فلکؔ کا تعارف دیکھ کے حیران رہ گیا کہ فلکؔ کے بارے میں جو کچھ سوچ رکھا تھا وہ بالکل غلط ثابت ہوا۔ میری سوچ حقیت کے بالکل برعکس تھی۔فلک واقعی بہت بڑی رائٹر نکلی ،مگر عمر میں نہیں۔۔۔ 18سالہ فلکؔ جو ابھی میٹرک کی سٹوڈنٹ تھی، کی کتاب میرے ہاتھ میں موجود تھی۔فلکؔ نے اپنی تحریروں میں مغربی تہذیب کوبہت اپنے خوبصورت الفاظ میں پرو کر ادب کی دنیا میں بہت بلند مقام حاصل کرلیا ہے۔اس کے علاوہ فلکؔ مختلف انگریزی کہانیوں کا ترجمعہ بھی خاص مہارت سے کرتی ہیں۔فلک کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ مختلف دائجسٹوں میں لکھ بھی رہی ہیں۔
فلکؔ کی کتاب کا مطالعہ کیا تو یقین نہیں ہو رہا تھا کہ یہ کہانیاں فلکؔ کی اپنی تخلیق ہیں۔ ان تمام کہانیوں میں فلک نے اپنے قلم کے ذریعے خوبصورت انداز میں رومانس، خوف، ڈر، جاسوسی اور سسپنس کے موضوعات پر بہت اچھے طریقے سے لکھا۔ پڑھنے والا یقین نہیں کر سکتا کہ یہ کہانیاں کسی بہت بڑے رائٹر نے نہیں بلکہ 18سالہ میٹرک کی طلبہ فلکؔ نے لکھی ہیں۔فلکؔ کی تمام کہانیاں خوفناک ہیں جیسے تجسس سے پڑھنے کو دل کرتا ہے۔ میں نے فلکؔ کی تمام کہانیوں کا مطالعہ کیا ہے ۔ ہر کہانی ایک سے بڑھ کر ایک ہے مگر مجھے فلکؔ کی یہ چار کہانیاں "سردیوں کی رات" ، " دسمبر" ، " موت کا کھیل" اور "ہوٹل کیلی فورینا" بہت پسند آئی ہیں۔
304 صفحات کی یہ کتاب جس قدر محنت سے لکھی گئی ہے اسی قدر محنت اور لگن سے کمپوزنگ اور پرنٹنگ بھی ہوئی ہے۔اس کتاب کی قیمت 200 روپے مقرر کی گئی ہے جو آج کے دور میں بہت مناسب ہے۔تمام معزز قارئین اس کتاب کو خرید کے پڑھیں اور خوفناک، ڈر اور سسپنس والی ان کہانیوں سے لطف اندوز ہوں۔آخر میں میں فلکؔ زاہد کو خوبصورت کہانیوں پر مشتمل کتاب لکھنے اور الاسد پبلی کیشنزوالوں کو اس خوبصورت کتاب کو شائع کرنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ چھوٹی بہن فلکؔ کو علم و ادب کے میدان میں کامیابیاں نصیب ہوں اور اللہ فلکؔ کو قلم کا بہترین استعمال کرنے کی توفیق دے۔ آمین





Comments


There is no Comments to display at the moment.



فیس بک پیج


مقبول ترین

اسلامی و سبق آموز


نیوز چینلز
قومی اخبارات
اردو ویب سائٹیں

     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ آپکی بات محفوظ ہیں۔
Copyright © 2018 apkibat. All Rights Reserved