تازہ ترین  

گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول شہیداں والا لودھراں میں یوم اساتذہ کے حوالے سے تقریب
    |     2 months ago     |    پاکستان
استاد کی عظمت مقام اور اہمیت مسلمہ ہے۔ پیشہ تدریس تمام کاموں میں سب سے قدیم قرار دیا جاسکتا ہے۔ استاد اور شاگرد کا رشتہ عجیب اور خوب صورت ہے۔ انبیاء اپنے پیروکاروں کے لیے معلم کا درجہ رکھتے ہیں اور خود باری تعالیٰ سے فیضانِ علم پاتے ہیں۔ استاد کے اس مرتبے کے پیش نظر دنیا کے مختلف ممالک میں مختلف ایام اساتذہ کرام کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مخصوص ہیں اقوام متحدہ کے رکن ممالک میں یونیسکو کے اعلان کے مطابق 5اکتوبر کو اساتذہ کا دن منایا جاتا ہے پاکستان میں مقام اساتذہ کے حوالے سے بہت سی گفتنی اور نا گفتنی وجوہات ہیں کہ صورتحال تشویش ناک ہے لیکن یہ دن اساتذہ کی یاد اور ان کی خدمات کو سراہنے کے لیے منایا جاتا ہے ۔ اسی سلسلے میں علاقے کے قدیم اور اہم تعلیمی ادارے میں ایک تقریب منعقدہوئی۔ صدارت کے فرائض سربراہ ادارہ محمد آصف نے انجام دیئے نظامت جماعت ہشم کے حبیب الرحمن نے پہلی ہی مرتبہ نہایت عمدگی سے کی۔ تقریب کو منفرد اور یاد گار بنانے کی غرض سے کچھ طلبہ کے اصرار پر اساتذہ کرام نے بھر پور حصہ لیا۔
ادارہ کے عربی کے معلم مولانا عبدالرؤف اؤ نے کلام الٰہی کی تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ مدحت رسول کریم ﷺ کے لیے جب ادارہ کے سینئر معلم محمد اکرم کود عوت دی گئی تو اسا تذہ اور طلبہ حیران ا ور مسرور نظر آئے ۔ انھوں نے خوب صورت انداز میں نعت
"سب سے اولا و اعلیٰ ہمارا نبی ؐ"
پیش کی تو پنڈال کی مجموعی کیفیت میں ایک خوش نماتبدیلی محسوس ہوتی تھی۔
نعت نبی ﷺ کے بعد تقریب کے مہمانان خصوصی ادارہ کے ابتدائی تعلیمی درجات کے اسا تذہ کرام ملک غلام فرید ، جام محمد جمیل ، محمد اکرم اور نادیہ حسن سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنی مخصوص نشستوں پر سٹیج پر تشریف رکھیں۔ یہ اساتذہ کرام تالیوں کی گونج میں سٹیج پر تشریف لائے تو بیٹھنے سے قبل مختلف جماعتوں کے طلباء نے انھیں پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کی خدمات پر ممنونیت کا اظہار کیا۔ ادارہ کے سائنس کے معلم راؤ کاشف سلیم خوبصورت مناظر کو کیمرے میں محفوظ کرنے کا آغاز کر چکے تھے ۔
اس کے بعد تقریری مقابلہ شروع ہو افرائض منصبی راقم الحروف نے انجام دیئے۔ ارسلان مجید جماعت ششم، مبشر شریف جماعت ششم ،شہلا شریف ، علیزہ الطاف، مسکان بی بی جماعت ششم رفیعہ جاوید جماعت ہشتم نے پر جوش تقاریر کیں۔ استاد کی عظمت اور اہمیت بیان کر تے ہوئے انھوں نے کہاکہ حرف سے لفظ اور لفظ سے جملے پڑھنے کی استعداد پیدا کرنے والے ابتدائی جماعتوں کے اساتذ ہ کرام سب سے اہم اور نازک ذمہ داری ادا کرتے ہیں۔ انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شرکائے مقابلہ کا کہنا تھا کہ تمام اساتذہ کرام خواہ ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہواپنے شاگردوں کے لیے والدین کا درجہ رکھتے ہیں ہمیں استاد کے مرتبے کو تسلیم کرنا ہوگا استاد کی بے قدری کرنے والی قومیں مہذب اور با شعور کہلائے جانے کے لائق نہیں۔
تقریری مقابلے کے نتائج کے اعلان سے قبل ادارہ کے اساتذہ کرام نے مختصراًاظہار خیال کیا۔ سینئر ترین معلم ظفر حسین تبسم،سائنس کے معلم زاہد حسین شاہ اور خالد حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کو محنت کرنے اور والدین کے ساتھ ساتھ اسا تذہ سمیت تمام بزرگوں کی عزت کرنے کی نصیحت کی۔ تنویر الحق ہاشمی اور ادارہ کے سائنس کے معلم راؤ کاشف نے طلباء و طالبات کومحظوظ کر نے کے لیے نغمات سنائے ۔ اساتذہ کرام اس انداز اور جمالیانی پہلو سے طلباء طالبات اور اساتذہ بہت مسرور نظر آئے ۔ انھوں نے تالیاں بجاکر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں تقریب کے مہمانان خصوصی ملک غلام فرید ، جام محمد جمیل ، محمد اکرم رضوی اور نادیہ حسن نے فرداًفرداً اظہار خیال کرتے ہوئے طلبہ و طالبات پر مقام اسا تذہ کو واضح کیا۔ انھوں نے جذباتی انداز میں دور طالب علمی کے اساتذہ کو یاد کیا اور انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے اپنے زمانہ طالب علمی کے مختلف یاد گار واقعات سنائے۔ انھوں نے طلبہ کے ساتھ رشتہ محبت اور سلسلہ تدریس کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا بعد میں راقم کو تقریری مقابلے کے نتائج کا اعلان کرنے کی دعوت دی گئی۔ راقم نے طلبہ کی مختلف خامیوں کی نشاندہی کی اور بہتر پہلوؤں کو سراہتے ہوئے ارسلان مجید کو اول ،مسکان عابد کو دوم جبکہ سعدیہ نواز کو سوم قرار دیا اس کے بعد ادارے کے سر براہ اور صدر جلسہ محمد آصف کی ہدایت پر تقریب کے مہمان خصوصی اور معلم ملک غلام فرید ارائیں نے انعامات کے حق دار طلباء وطالبات میں اپنے دست مبارک سے انعامات تقسیم کیے طلبہ نے بھر پور تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔
آخر میں ادارہ کے سربراہ محمد آصف نے اپنے صدارتی خطاب میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ انھوں نے یوم اساتذہ کی اہمیت بیان کر تے ہوئے طلباء و طالبات کو نصیحت کی کہ اپنی کارکردگی اور تعلیمی استعداد کو بہتر بنا کر اساتذہ کرام کی فرماں بر داری اور ان سے محبت کا ثبوت دینا چاہیے انھوں نے کہا کہ اسا تذہ کرام اپنی شخصیت ،کردار اور طریقہ تدریس کا نا قدانہ جائز ہ لیں اور بہتر طریقے سے اپنے فرائض انجام دینے کی ہرلمحہ کو ششیں کریں تاکہ ہم با عزت اور ترقی یافتہ قوم بن سکیں۔ انھوں نے کہا کہ مقام اسا تذہ کی نزاکت اور اہمیت کا اولین احساس خود اساتذہ میں بیدار ہو جائے تو تعلیم و تدریس کے بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے۔
اس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا اور طلبہ و طالبات کی اساتذہ کے ساتھ یہ خوبصورت تقریب اختتام پذیر ہوئی سر براہ ادارہ محمد آصف نے اساتذہ کرام کی لذتِ کام و دہن کا بھی انتظام کرنے کی ہدایت کی تھی لہٰذا اساتذہ کرام جائے مقرر پر اس سے لطف اندوز ہوئے۔ 





Comments


There is no Comments to display at the moment.



فیس بک پیج


مقبول ترین

اسلامی و سبق آموز


نیوز چینلز
قومی اخبارات
اردو ویب سائٹیں

     
تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ آپکی بات محفوظ ہیں۔
Copyright © 2018 apkibat. All Rights Reserved